ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی حکومت اب بیمہ کمپنیوں پر غیر ملکیوں کے قبضے کے لئے لائی ترمیم :کانگریس

مودی حکومت اب بیمہ کمپنیوں پر غیر ملکیوں کے قبضے کے لئے لائی ترمیم :کانگریس

Sat, 20 Mar 2021 10:49:54    S.O. News Service

نئی دہلی،20؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے بیمہ ترمیمی بل کو ملک کی کمپنیوں کےلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں غیر ملکیوں کو ہندوستانی کمپنیوں پر اختیار حاصل کرنے کا التزام کیا گیا ہے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت انشورینس کمپنیوں کے سلسلے میں جو بل لائی ہے ، اس میں غیر ملکی کمپنیوں کو ہندوستانی کمپنیوں پر قبضہ کرنے کا اختیار دینے جیسی بہت سی خامیاں ہیں ،اس لئے حکومت کو اس بل کو قائمہ کمیٹی کو بھیجنا چاہئے۔

انہوں نے کہا،’’اس قانون کے تحت کمپنیوں کو جو بھی پیسہ ملے گا،جو ایف ڈی آئی ،جو انوسیٹ کریں گے،اس پر آہستہ آہستہ فارن کمپنیوں کو اونرشپ دینے اور اس کوکنٹرول کرنے کا بھی التزام کیا گیا ہے۔ غیر ملکی کمپنیاں جو کنٹرول کریں گی اور غیر ملکی سرمایہ کاری جو پیسہ لگانے کی کوشش کریں گے،وہ ہمارے لئے ایسٹ انڈیا کمپنی جیسی صورت حال پیدا کریں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہئے کہ وہ یہ بل کس مقصد سے لائی ہے۔یہ حکومت نجکاری پر بہت زور دے رہی ہے اور ان کا بھروسہ نجی شعبہ پر ہی ہے ،اس لئے ہم یہ وضاحت چاہتے ہیں کہ حکومت بتائے کہ ایسے قدم اٹھاکر اس کا مقصد کیا کرنے کا ہے۔ حکومت بتائے کہ وہ ہندوستانی کمپنیوں کو غیر ملکی ہاتھوں میں کیوں سونپنا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ ’بیمہ ترمیم بل-2021‘‘ کو راجیہ سبھا میں پاس کراتے وقت کانگریس اور اپوزیشن کی دیگر کئی پارٹیوں نے کل اس کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے بائیکاٹ کردیا تھا۔


Share: